ٹرمپ کا وینزویلا کے تیل سے امریکی ذخائر بھرنے کا اعلان

ٹرمپ کا وینزویلا کے تیل سے امریکی ذخائر بھرنے کا اعلان

Aug 31, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے تیل سے امریکا کے تیل کے ذخائر دوبارہ بھرنے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا کے تیل کے ذریعے امریکا اپنے ذخائر میں ہونے والی کمی پوری کرے گا اور تیل کے قومی اسٹریٹجک ذخائر کو دوبارہ بھرا جائے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بائیڈن حکومت کے دور میں امریکی تیل کے ذخائر خالی ہوگئے تھے، تاہم انہیں دوبارہ بھرنے کا عمل بہت جلد شروع کردیا جائے گا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا ایران جنگ کے بعد عالمی سطح پر تیل کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے، جبکہ امریکی محکمہ توانائی کے مطابق پیٹرولیم ذخائر 44 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند روز قبل وینزویلا کے ساتھ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا تیل معاہدہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اس معاہدے کے تحت امریکا نے وینزویلا کے 65 ارب بیرل سے زائد ثابت شدہ تیل کے ذخائر پر اکثریتی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ تاریخی معاہدہ امریکا کے تیل کے ذخائر کو دوگنا سے بھی زیادہ کردے گا، تیل کی رسد میں نمایاں اضافہ کرے گا اور مستقبل میں امریکی شہریوں کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا سبب بنے گا۔