پاکستان، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز، راولپنڈی میں ٹریفک پلان جاری
Oct 6, 2026|ویب ڈیسک
راولپنڈی( سپورٹس ڈیسک) پاکستان، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی اور سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا، جبکہ پہلا پریکٹس میچ 6 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔میچز اور پریکٹس سیشنز کے دوران ٹریفک پولیس کے 315 سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، جبکہ متبادل راستوں پر اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اسلام آباد سے آنے والی گاڑیوں کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب موڑا جائے گا۔میچ کے دوران اسٹیڈیم روڈ کو نائنتھ ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔کرکٹ شائقین کے لیے تین مقامات پر گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔