ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے ہیں۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز ڈھاکہ میں ہونے والے انتخابات میں تمیم اقبال اس عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے، جس کے بعد وہ چار سالہ مدت کے لیے بورڈ کی قیادت سنبھالیں گے۔واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بنگلادیشی حکومت نے سابق صدر امین الاسلام کی قیادت میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کر دیا تھا۔دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے تمیم اقبال کو بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔انہوں نے تمیم اقبال کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا کردار کرکٹ کے فروغ کے لیے مثبت اور مؤثر ثابت ہوگا۔محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ تمیم اقبال کی سربراہی میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ عالمی سطح پر کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔