تاجکستان کا عالمی فوجداری عدالت سے علیحدگی کا فیصلہ

تاجکستان کا عالمی فوجداری عدالت سے علیحدگی کا فیصلہ

Nov 24, 2026|ویب ڈیسک

دوشنبہ( مانیٹرنگ ڈیسک)تاجکستان نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے باضابطہ طور پر علیحدگی کا عمل شروع کر دیا ہے اور امریکا کی جانب سے عدالت کے خلاف سفارتی مہم کے بعد ایسا کرنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے انتظامی ادارے کی صدارت نے پیر کو جاری کردہ بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کی۔ تاجکستان سے قبل چاڈ، وینزویلا اور بحرالکاہل کی جزیرہ ریاست نورو بھی عدالت سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔رپورٹس کے مطابق امریکا نے رواں سال جولائی میں مختلف ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ عالمی فوجداری عدالت سے علیحدگی اختیار کریں، جبکہ واشنگٹن نے اس سفارتی اقدام کو عدالت کے خاتمے کی مہم قرار دیا تھا۔تاجکستان کا یہ فیصلہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب رواں سال مارچ میں عالمی فوجداری عدالت نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو گرفتار نہ کرنے پر تاجکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ یاد رہے کہ روسی صدر 2025 میں تاجکستان کے دورے پر گئے تھے، جبکہ عدالت نے یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم کے الزامات کے تحت ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔اس سے قبل برکینا فاسو، مالی اور نائجر نے بھی گزشتہ سال عالمی فوجداری عدالت سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور اسے نوآبادیاتی طرز کے جبر کا آلہ قرار دیا تھا۔عالمی فوجداری عدالت دنیا کا مستقل جنگی جرائم کا ٹریبونل ہے، جو نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم اور جارحیت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتا ہے، بالخصوص ان معاملات میں جہاں متعلقہ ملک کا نظامِ عدل کارروائی کرنے سے قاصر یا ناآمادہ ہو۔عدالت کے انتظامی ادارے نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ علیحدگی کا عمل شروع کرنے سے عالمی سطح پر انصاف کے مشترکہ نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کو سزا سے بچنے سے روکنے کی کوششیں کمزور پڑ سکتی ہیں۔بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ عدالت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی بھی ملک کو ان قانونی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں کرتا جو اس نے رکنیت کے دوران قبول کی تھیں۔ عدالت کے رکن ممالک کی مجموعی تعداد 125 ہے، جن میں وہ سات ممالک بھی شامل ہیں جنہوں نے علیحدگی کا عمل شروع کیا ہے، تاہم یہ قانونی عمل مکمل ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگتا ہے۔