سویڈن انتخابات، بائیں بازو کا اتحاد دائیں بازو سے آگے نکل گیا

سویڈن انتخابات، بائیں بازو کا اتحاد دائیں بازو سے آگے نکل گیا

Sep 14, 2026|ویب ڈیسک

اسٹاک ہوم( مانیٹرنگ ڈیسک) سویڈن کے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج اور انتخابی جائزوں میں بائیں بازو کی جماعتوں کو واضح برتری حاصل ہوگئی۔سویڈش نشریاتی ادارے کے انتخابی جائزے کے مطابق مرکز سے بائیں بازو کے اتحاد کو 51.3 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے، جبکہ دائیں بازو کی جماعتیں پیچھے ہیں۔ ایک دوسرے ٹی وی ادارے کے جائزے میں بھی بائیں بازو کے اتحاد کو سبقت حاصل رہی۔اگر یہ نتائج حتمی سرکاری نتائج میں بھی برقرار رہے تو سویڈن میں حالیہ برسوں کے دوران دائیں جانب بڑھتے سیاسی رجحان کو بڑا دھچکا لگ سکتا ہے اور سوشل ڈیموکریٹ رہنما ایوا میگڈالینا اینڈرسن کی دوبارہ وزارتِ عظمیٰ کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔انتخابی جائزے کے مطابق بائیں بازو کے اتحاد کو پارلیمان میں 183 نشستیں ملنے کی توقع ہے، جبکہ حکومت سازی کے لیے 175 نشستیں درکار ہیں۔ دائیں بازو کی جماعتوں کو 166 نشستیں ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔