افغان طالبان کیخلاف مزاحمت بڑھ رہی ہے، یاسین ضیا کا دعویٰ
کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان فریڈم فرنٹ کے سربراہ اور سابق افغان فوجی چیف جنرل یاسین ضیا نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان کے خلاف مسلح مزاحمت مؤثر ہورہی ہے اور صورتحال اب طالبان کے قابو سے باہر ہوتی جارہی ہے۔یاسین ضیا کے مطابق طالبان اپنی کم ہوتی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے مبینہ طور پر حامیوں اور پروپیگنڈا نیٹ ورکس کا سہارا لے رہے ہیں، جبکہ بعض عناصر عوام کو طالبان حکومت کے بعد کے ممکنہ حالات سے خوفزدہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے بدتر صورتحال کا تصور بھی مشکل ہے۔ ان کا الزام تھا کہ طالبان ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سڑکوں کی تعمیر کے اخراجات میں کئی گنا اضافہ کرکے کرپشن کررہے ہیں۔جنرل یاسین ضیا نے مزید الزام عائد کیا کہ کسٹمز میں چوری اور شاہراہوں پر لوٹ مار میں ملوث حکومت اگر ملک چلا سکتی ہے تو تعلیم یافتہ اور اہل افراد کو اقتدار سنبھالنے کا حق کیوں نہیں مل سکتا۔