سعودی اتحاد کا حوثی حملوں کا سخت جواب دینے کا اعلان

سعودی اتحاد کا حوثی حملوں کا سخت جواب دینے کا اعلان

Sep 15, 2026|ویب ڈیسک

ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کا سخت جواب دینے کا اعلان کردیا۔اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں نے شہریوں اور شہری املاک کو نشانہ بنایا، جو کشیدگی میں اضافے کی پالیسی کا واضح اظہار ہے۔ترکی المالکی کے مطابق اتحادی افواج سعودی عرب کی خودمختاری، عوام اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری دفاعی اور عملی اقدامات اٹھائیں گی، جبکہ حوثی حملوں کا ذمہ دارانہ مگر سخت ردعمل دیا جائے گا۔اس سے قبل سعودی اتحاد نے بتایا تھا کہ پیر کو حوثیوں کے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں میں 13 شہری زخمی ہوئے، جبکہ کئی رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔حوثیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب میں کنگ خالد ایئر بیس پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کا دعویٰ بھی کیا تھا، تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔سعودی اتحاد کے تازہ بیان کے بعد یمن کے حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔حوثیوں کی حالیہ پیش قدمی اور بحیرۂ احمر کے اہم علاقوں میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے باعث علاقائی سلامتی اور عالمی بحری تجارت سے متعلق خدشات بھی شدت اختیار کرگئے ہیں