اسلام آباد ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی صحت اور کھیل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے قومی جونیئر اور سینئر ہاکی کیمپوں میں انسدادِ ڈوپنگ قوانین کو سختی سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ صدر محی الدین احمد وانی کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے، جس کے تحت لاہور اور اسلام آباد میں جاری تربیتی کیمپوں کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔ہدایات کے مطابق ڈوپنگ ٹیسٹ سے بچنے یا اس میں ملوث پائے جانے والے کھلاڑیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، اور ایسے کھلاڑیوں کو فوری طور پر کیمپ سے معطل کر کے سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔تمام کھلاڑیوں کے لیے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے کوڈ پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے تحت انہیں تحریری حلف نامہ بھی جمع کرانا ہوگا۔کیمپوں کے دوران کسی بھی وقت بغیر پیشگی اطلاع کے رینڈم ڈوپ ٹیسٹ لیے جائیں گے، جبکہ واڈا کے حکام کھلاڑیوں کی مسلسل نگرانی کریں گے۔مزید یہ کہ ممنوعہ ادویات کے استعمال سے بچاؤ اور آگاہی کے لیے ہفتہ وار تعلیمی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔
پاکستان ہاکی کیمپوں میں انسدادِ ڈوپنگ قوانین سخت، خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ
3 دن قبل