سندھ بھر کی فیکٹریوں میں فائر سیفٹی نظام فوری نصب کرنے کی ہدایت

سندھ بھر کی فیکٹریوں میں فائر سیفٹی نظام فوری نصب کرنے کی ہدایت

Sep 17, 2026|ویب ڈیسک

کراچی (کامرس ڈیسک) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے صوبے کی تمام فیکٹریوں کے مالکان کیلئے ہنگامی ہدایات جاری کرتے ہوئے فوری طور پر آگ سے بچاؤ کا حفاظتی نظام نصب کرنے کا حکم دیا ہے۔ایس بی سی اے کی جانب سے فیکٹریوں میں آگاہی کیلئے ہدایتی بینرز بھی آویزاں کردیئے گئے ہیں۔ہدایت نامے میں فیکٹری مالکان کو متعلقہ ادارے سے فوری طور پر آکیوپینسی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے، منظور شدہ آگ بجھانے والے آلات اور جدید فائر سیفٹی نظام نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایس بی سی اے کے مطابق ہنگامی راستے ہر وقت صاف اور رکاوٹوں سے پاک رکھے جائیں، جبکہ ہنگامی اخراج کے راستے کھلے اور قابلِ استعمال حالت میں ہونے چاہئیں۔فیکٹریوں میں ضرورت کے مطابق آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی اور انہیں ہر وقت فعال حالت میں رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ہدایت نامے میں قابلِ اعتماد فائر الارم نظام نصب کرنے، اس کی باقاعدگی سے دیکھ بھال اور کارکردگی کی مسلسل جانچ یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔اتھارٹی نے فیکٹریوں میں محفوظ برقی تاروں اور نظام کی فراہمی، بجلی کے زائد بوجھ سے بچاؤ اور برقی تنصیبات کا باقاعدہ معائنہ کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔علی مہدی نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اور حفاظتی قوانین پر عملدرآمد فیکٹری مالکان کی بنیادی ذمہ داری ہے، محفوظ صنعتی ادارے ہی محفوظ اور مستحکم سندھ کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’محفوظ سندھ، مضبوط سندھ‘‘ کے مقصد کے حصول کیلئے صنعتی اداروں کا محفوظ ہونا ضروری ہے۔