عالمی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی پھر بڑھ رہی ہے: اورنگزیب

عالمی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی پھر بڑھ رہی ہے: اورنگزیب

Sep 17, 2026|ویب ڈیسک

لندن (کامرس ڈیسک) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی ایک بار پھر بڑھ رہی ہے۔پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام پاکستان انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے مالیاتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ خسارے میں کمی، حکومتی آمدن بڑھانے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے۔وزیر خزانہ کے مطابق سرکاری اداروں کی اصلاح و نجکاری، توانائی کے شعبے میں بہتری، مالی شفافیت اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔محمد اورنگزیب نے ٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔انہوں نے سیلاب اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والے معاشی مسائل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے جائزے مقررہ مدت میں مکمل کیے اور ملک کی قرضہ جاتی درجہ بندی میں بھی بہتری آئی ہے۔تقریب کے اختتام پر سرمایہ کاری، ملکی معاشی صورتحال اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون سے متعلق سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔