بجلی کمپنیاں مقررہ حد سے زیادہ لوڈشیڈنگ کررہی ہیں: اویس لغاری
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں حکومت کی جانب سے مقررہ اجازت سے بھی زیادہ لوڈشیڈنگ کررہی ہیں۔اویس لغاری کے مطابق ڈسکوز کو جتنی لوڈشیڈنگ کی اجازت دی گئی ہے، اس سے زیادہ بجلی بند کی جارہی ہے۔ اب پورے فیڈر کے بجائے صرف متعلقہ ٹرانسفارمر سے بجلی کی فراہمی معطل کی جائے گی۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ ڈیمانڈ نوٹس میں ملی بھگت سے بجلی کا لوڈ کم ظاہر کرنے اور بعد میں نظام پر غیر معمولی بوجھ پڑنے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کا عملہ رشوت لے کر غیر قانونی طریقے اختیار کررہا ہے، جبکہ ملک کے بیشتر فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی بڑی وجہ ڈسکوز اور ان کا عملہ ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق ڈسکوز کے نظام میں بہتری کیلئے ہر حلقے میں 60 کروڑ سے ایک ارب روپے تک درکار ہوں گے۔