مردان میں بارش کا پانی محفوظ کرنے کیلئے ری سائیکلنگ پلانٹ قائم

مردان میں بارش کا پانی محفوظ کرنے کیلئے ری سائیکلنگ پلانٹ قائم

Sep 17, 2026|ویب ڈیسک

مردان(اباسین خبر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان نے بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کیلئے ری سائیکلنگ پلانٹ قائم کردیا۔منصوبے کے تحت جمع ہونے والے برساتی پانی کو صاف کرکے مختلف غیر پینے کے مقاصد کیلئے دوبارہ استعمال کیا جائے گا۔ یہ پانی صفائی کے کاموں کے ساتھ نامیاتی کھاد کی تیاری میں بھی استعمال ہوگا۔کمپنی کے مطابق بارش کے پانی کو محفوظ اور ری سائیکل کرنے کا عملی نظام شروع کردیا گیا ہے، جس سے پانی کے ضیاع کی روک تھام اور دستیاب آبی وسائل کے بہتر استعمال میں مدد ملے گی۔واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان کا کہنا ہے کہ زیرِ زمین پانی کی سطح کم ہونے کے خدشے کے باعث برساتی پانی کو محفوظ کرنا ضروری ہے، اس اقدام سے آبی وسائل پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ری سائیکلنگ پلانٹ میں جمع پانی صفائی کے مختلف امور میں استعمال کیا جائے گا، جبکہ اسے نامیاتی کھاد بنانے کے عمل میں بھی بروئے کار لانے کا منصوبہ ہے، جس سے برساتی پانی کو مفید وسیلے میں تبدیل کیا جاسکے گا۔