سندھ کابینہ کا الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ٹیکس رعایت میں توسیع کا فیصلہ
کراچی( کامرس ڈیسک) سندھ کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکس میں رعایت کے پیکیج کی منظوری دیتے ہوئے غیر تجارتی برقی گاڑیوں کے لیے مراعات میں مزید دو سال کی توسیع کردی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ماحول دوست اور پائیدار سفری نظام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ برقی گاڑیوں کے استعمال میں اضافے سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ ٹیکس مراعات جاری رکھنے سے صوبے میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کو تقویت ملے گی۔وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق سندھ کابینہ نے غیر تجارتی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ٹیکس اور رجسٹریشن کی رعایت میں مزید دو سال کی توسیع کردی ہے۔نئے فیصلے کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ٹیکس اور رجسٹریشن کی مراعات 29 مئی 2028ء تک جاری رہیں گی۔