اباسین خبر

شاہد آفریدی کا اقوامِ متحدہ کا دورہ، پاکستانی سفیر سے ملاقات

شاہد آفریدی کا اقوامِ متحدہ کا دورہ، پاکستانی سفیر سے ملاقات

 نیو یارک( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نامور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد سے ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے سفیر عاصم افتخار احمد کی دعوت پر نیویارک میں واقع اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کے مختلف شعبہ جات اور عالمی امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں اس کے کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملاقات کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی نے اپنی جارحانہ اور دلکش بلے بازی، بہترین آل راؤنڈ کارکردگی اور طاقتور کھیل کے ذریعے دنیا بھر میں شائقین کو متاثر کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوں نے شاہد آفریدی کی فلاحی اور انسانی خدمت کی سرگرمیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی سماجی بہبود کی کوششوں سے خاص طور پر محروم طبقات کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔گفتگو میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کھیل سفارت کاری کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں جو مختلف اقوام کو قریب لانے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔