سیکیورٹی خدشات، بیرن ٹرمپ نے عوامی سرگرمیاں محدود کردیں
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 سالہ بیٹے بیرن ٹرمپ مبینہ سیکیورٹی خدشات کے باعث زیادہ تر وقت گھر میں گزار رہے ہیں اور عوامی مقامات پر جانے سے بھی احتراز کررہے ہیں۔امریکی اخبار کے مطابق نیویارک یونیورسٹی میں زیرتعلیم بیرن نے رواں موسم گرما کا زیادہ وقت اپنی والدہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ نیو جرسی کے ٹرمپ نیشنل گالف کلب بیڈ منسٹر میں گزارا۔رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بیرن گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرتے ہیں اور کسی نجی مقام پر جانا پڑے تو زیادہ دیر وہاں قیام نہیں کرتے۔ وہ عوامی سطح پر اپنی موجودگی کو محدود رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بیرن قدامت پسند کارکن چارلی کرک کے قریب تھے اور ان کی ہلاکت سے شدید متاثر ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ بیرن نے اپنے والد کو فون کرکے کرک کی موت کی اطلاع دی تھی۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میلانیا ٹرمپ کے دفتر نے حالیہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بیرن کی نجی زندگی سے متعلق معلومات شائع نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ میلانیا اپنے بیٹے کی ذاتی زندگی سے متعلق فیصلوں کا احترام کرتی ہیں۔ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت مکمل ہونے کے بعد بیرن کو حاصل خفیہ سروس کی سیکیورٹی ختم ہونے کا امکان تھا، تاہم میلانیا کے دفتر کی درخواست پر اس وقت کے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے ان کے حفاظتی انتظامات میں توسیع کردی تھی۔ایک دستاویزی فلم میں میلانیا ٹرمپ کو خفیہ سروس اہلکاروں سے یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ وہ جانتی ہیں بیرن باہر نہیں جائیں گے اور وہ اپنے بیٹے کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔