اسلام آباد( شو بز ڈیسک)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ثنا یوسف قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے ملزم کو سزائے موت سنا دی ہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ کی جانب سے جاری 27 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ نے کیس میں مضبوط شواہد پیش کیے، جن میں دو عینی شاہدین کی گواہیاں بھی شامل ہیں۔ فیصلے کے مطابق ملزم کے فنگر پرنٹس مقتولہ کے گھر سے بھی برآمد ہوئے۔عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور پستول بھی ملزم سے برآمد ہوئے، اور یہ کہ ملزم نے ملاقات سے انکار پر سترہ سالہ لڑکی کو قتل کیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ قتل کا کوئی دوسرا محرک ثابت نہیں ہوا۔عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کسی رعایت کا مستحق نہیں، لہٰذا عمر حیات کو دفعہ 302 کے تحت سزائے موت سنائی جاتی ہے، جبکہ دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔فیصلے کے مطابق ملزم کو دیگر دفعات کے تحت بھی سزائیں سنائی گئیں، جن میں دفعہ 392 کے تحت دس سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 499 کے تحت دس سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ، اور دفعہ 411 کے تحت ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ شامل ہیں۔
ثنا یوسف قتل کیس: سیشن کورٹ اسلام آباد کا تفصیلی فیصلہ، ملزم کو سزائے موت
14 گھنٹے قبل