مودی کی معاشی پالیسیوں سے مایوس، سرمایہ کار بھارتی بانڈز سے نکل گئے
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی معاشی پالیسیوں سے مایوسی کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا بھارتی مارکیٹ پر اعتماد کم ہونے لگا ہے۔بھارتی جریدے دی وائر کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار بہتر اور محفوظ منافع کے حصول کے لیے بھارتی سرکاری بانڈز سے سرمایہ نکال کر ترقی یافتہ ممالک کی مارکیٹوں میں منتقل کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اگست سے اب تک غیر ملکی سرمایہ کار بھارتی بانڈز سے 987 کروڑ روپے نکال چکے ہیں۔بھارت میں شرح منافع کا فرق بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کم کرکے مقامی مارکیٹ کی کشش متاثر کررہا ہے، جبکہ بلومبرگ کی جانب سے بھارتی مقامی قرضوں کو عالمی مارکیٹ کے اشاریے میں شامل نہ کیے جانے سے بھی بھارتی سرمایہ کاری کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔بھارتی صحافی ابھینو تریویدی کے مطابق کم منافع، بلند مالیت، کمزور کرنسی اور زیادہ ٹیکس جیسے عوامل عالمی سرمایہ کاروں کو بھارتی مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے دور کر رہے ہیں۔