ملاگوری جرگے کا آن لائن جوئے اور سٹہ بازی پر پابندی کا فیصلہ

ملاگوری جرگے کا آن لائن جوئے اور سٹہ بازی پر پابندی کا فیصلہ

Sep 11, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر)ملاگوری قبیلے کے جرگے نے آن لائن گیمز کے ذریعے جوئے، سٹہ بازی اور مالی لین دین کے بڑھتے رجحان کے خلاف اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایسے تمام معاملات پر پابندی عائد کردی۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ملک منان ملاگوری نے کہا کہ اگر کوئی شخص آن لائن گیم یا جوئے میں موٹر کار، رقم یا کوئی قیمتی چیز شرط کے طور پر ہار دیتا ہے اور اس معاملے میں اس کے والد یا بھائیوں کی رضامندی یا مشاورت شامل نہیں تھی تو اس نقصان کی ذمہ داری خاندان کے دیگر افراد پر عائد نہیں ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ ایسے معاملات میں ہاری گئی رقم واپس کرنے کی ذمہ داری بھی والد یا بھائیوں پر نہیں ہوگی۔ملک منان ملاگوری کا کہنا تھا کہ آن لائن گیمز اور جوئے کے بڑھتے رجحان نے نوجوانوں کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کردیا ہے، جبکہ کئی نوجوانوں پر مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے قرضے چڑھ چکے ہیں، جس کے نتیجے میں گھریلو اور معاشرتی مسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے دیگر اقوام اور قبائلی عمائدین سے اپیل کی کہ وہ بھی اسی نوعیت کے اجتماعی فیصلے کریں اور نوجوان نسل کو جوئے، آن لائن سٹہ بازی اور سودی معاملات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔جرگے کے شرکا کے مطابق فیصلے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو آن لائن جوئے اور مبینہ مالی استحصال سے بچانا اور معاشرے میں بڑھتے مالی و گھریلو مسائل کی روک تھام کرنا ہے