سلمان خان کا جعلی اے آئی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیوز تیار کرکے پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔بگ باس 20 میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز کی مذمت کی اور بتایا کہ وہ خود بھی ایسی ویڈیوز کا نشانہ بن چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر جعلی مصنوعی ذہانت ویڈیوز بنانے اور پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ویڈیو تیار کرنا اور آواز تبدیل کرکے شامل کرنا غلط اور انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔سلمان خان نے کہا کہ اگر کوئی شخص حقیقت سے لاعلمی میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو شیئر کرتا ہے تو صورتحال مختلف ہے، تاہم جان بوجھ کر جعلی مواد بنانے والوں کو جواب دہ ہونا چاہیے۔اداکار نے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے، کیونکہ ایک دو لوگوں کے خلاف کارروائی کیے بغیر یہ سلسلہ رکنے والا نہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے لیے مؤثر قانون سازی اور نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سلمان خان کا کہنا تھا کہ جس طرح غنڈہ گردی اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کی صورت اختیار کرچکے ہیں، اسی طرح آن لائن پلیٹ فارمز پر لوگوں کو اپنے بیانات اور تیار کردہ مواد کے لیے جواب دہ ہونا چاہیے۔انہوں نے عام افراد کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشہور شخصیات سائبر سیل سے رابطہ کرکے جعلی ویڈیوز بنانے والوں کا سراغ لگانے کی کوشش کرسکتی ہیں، لیکن عام لوگوں کے پاس ایسی سہولت اور وسائل موجود نہیں ہوتے۔سلمان خان نے یہ گفتگو بگ باس 20 کے گھر میں موجود شرکا کی جانب سے ایک دوسرے کی شکل و صورت پر کیے جانے والے تبصروں کے دوران کی۔