بلوچستان کا مسئلہ پسماندگی نہیں، غلط بیانیہ ہے: سرفراز بگٹی

بلوچستان کا مسئلہ پسماندگی نہیں، غلط بیانیہ ہے: سرفراز بگٹی

Sep 29, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا بنیادی مسئلہ پسماندگی نہیں بلکہ غلط بیانیہ ہے، حقائق اور تصورات میں فرق کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ دور میں بلوچستان کی درست تاریخ بیان نہیں کی جاتی۔ پسماندگی پاکستان کے ہر صوبے میں موجود ہے، تاہم اس بنیاد پر کہیں ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے یا ریاست کو ختم کرنے کی بات نہیں کی جاتی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو توڑنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا، جبکہ آئین کا آرٹیکل 5 ریاست سے غیر مشروط وفاداری کا درس دیتا ہے۔ نوجوان نسل اور ریاست کے درمیان خلیج کم کرنے کے لیے ہر سطح پر نوجوانوں کی بات سنی جارہی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیاسی لوگوں سے مذاکرات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، تاہم ہتھیار اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ بلوچستان کے مسئلے کو حقائق اور تاریخی تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ غلط بیانیے کی بنیاد پر صوبے کے حالات کا درست تجزیہ ممکن نہیں۔سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے پاکستان کے ساتھ الحاق سے متعلق تاریخی حقائق کو بھی درست تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق خان آف قلات نے اپنی کتاب میں خود لکھا ہے کہ بلوچستان کا الحاق ان کی رضامندی سے ہوا تھا۔