بلیدہ واقعہ، خواتین اور بچوں پر حملہ کی شدید مذمت کر تے ہیں: مینا مجید
کوئٹہ( اباسین خبر) صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے ضلع کیچ کے علاقے الندور، بلیدہ میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک 12 سالہ بچے کے اغوا اور گھر میں گھس کر خواتین و بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ واقعے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کی خاتون انصاف کے لیے ہر بلوچ سے آواز اٹھانے کی اپیل کر رہی ہے، تاہم ان کے بقول بیرونِ ملک رہنے والے بعض افراد جو خود کو بلوچ حقوق کی آواز قرار دیتے ہیں، اس واقعے پر خاموش ہیں۔مینا مجید بلوچ نے کہا کہ خود کو بلوچ حقوق اور انسانی حقوق کا علمبردار قرار دینے والے افراد کو خواتین اور بچوں کے خلاف ہونے والے واقعات پر بھی آواز اٹھانی چاہیے۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر یہ عناصر واقعی بلوچ حقوق کی نمائندگی کرتے ہیں تو معصوم خواتین اور بچوں کے خلاف ایسے واقعات پر خاموشی کیوں اختیار کی جارہی ہے۔صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر بلوچستان اور بلوچ حقوق کے نام پر بات کرنے والوں کو ایسے واقعات کے خلاف بھی اپنا مؤقف سامنے لانا چاہیے۔