ایچ ایس وائی کا ایک سال تک بینائی سے محرومی کا انکشاف
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی فیشن ڈیزائنر اور اداکار حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تقریباً ایک سال تک دونوں آنکھوں کی بینائی سے مکمل طور پر محروم رہے۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایچ ایس وائی نے بتایا کہ بینائی سے محرومی کے تجربے نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کیا اور زندگی کو دیکھنے اور محسوس کرنے کا انداز بھی بدل گیا۔انہوں نے بتایا کہ رمضان کے دنوں میں وہ ایک دوست کے ساتھ افطاری کا کھانا لینے گئے تھے۔ واپسی پر گاڑی ان کا دوست چلا رہا تھا کہ اسی دوران اذان ہوگئی۔ ایچ ایس وائی نے کھانے کا بیگ کھولا تو اس میں سے نکلنے والی بھاپ کے باعث گاڑی کے اندر ہر چیز دھندلی ہوگئی۔ان کے مطابق جب تک دوست نے گاڑی کے شیشے صاف کیے، گاڑی سڑک سے اتر کر حادثے کا شکار ہوچکی تھی اور وہ ونڈ اسکرین سے جا ٹکرائے۔ حادثے کے نتیجے میں ان کی دونوں آنکھوں کی بینائی چلی گئی۔ایچ ایس وائی کا کہنا تھا کہ اچانک بینائی سے محرومی نے ان پر گہرا اثر ڈالا، جس کے بعد انہیں اپنے دیگر حواس پر پہلے سے زیادہ انحصار کرنا پڑا۔