سنچری کے بعد منفرد جشن، سلمان علی آغا نے راز بتا دیا

سنچری کے بعد منفرد جشن، سلمان علی آغا نے راز بتا دیا

Oct 19, 2026|ویب ڈیسک

 لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا نے سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری بنا کر انٹرنیشنل کرکٹ میں زبردست واپسی کی، تاہم ان کے منفرد انداز میں جشن منانے نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔کئی لوگوں نے خیال ظاہر کیا کہ شاید سلمان علی آغا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی کپتانی سے محرومی اور ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد ناقدین کو جواب دینے کے لیے یہ انداز اپنایا، لیکن حقیقت اس سے مختلف تھی۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے بتایا کہ ان کا یہ جشن ان کے بیٹے کے لیے تھا۔ ان کے مطابق، ان کا بیٹا ٹی وی پر کرکٹ دیکھتے ہوئے اسی انداز میں خوشی کا اظہار کرتا ہے، اس لیے انہوں نے بھی ایسا ہی کیا۔سلمان علی آغا نے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف 90 گیندوں پر 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔انہوں نے صرف 82 گیندوں پر اپنی چوتھی ون ڈے سنچری مکمل کی، جو ان کی تیز ترین سنچری بھی ہے۔یاد رہے کہ سلمان علی آغا ان سات کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں اگست 2026ء میں لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ 194 رنز سے ہارنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہنگامی بنیادوں پر پاکستان واپس بلالیا تھا۔اس مشکل وقت میں سلمان علی آغا نے ڈومیسٹک کرکٹ کا رخ کیا، جہاں انہوں نے پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے میچ میں ناقابلِ شکست 300 رنز بنائے۔