بجلی چوری والے فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمرز پر لوڈشیڈنگ ہوگی: اویس لغاری

بجلی چوری والے فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمرز پر لوڈشیڈنگ ہوگی: اویس لغاری

Oct 19, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئندہ سال جون سے بجلی چوری کرنے والے فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمرز پر لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ڈیرہ غازی خان میں فاروق احمد خان لغاری انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اویس لغاری کا کہنا تھا کہ رات کے وقت دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو 6 روپے فی یونٹ کے اضافی بوجھ سے بچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے پارٹی کی سطح پر مشاورت جاری ہے۔ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کے لیے اسمبلی میں قرارداد بھی منظور کرچکی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فاروق لغاری ایئرپورٹ غیر فعال تھا، تاہم وزیراعظم سے اس کی توسیع کا منصوبہ منظور کرایا گیا ہے۔ ساڑھے 5 ارب روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ کی توسیع کا منصوبہ جاری ہے اور آئندہ سال کے آخر تک اسے بین الاقوامی پروازوں کے لیے فعال کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کے رن وے کی لمبائی بڑھائی جا رہی ہے، جبکہ رات کے وقت بھی طیاروں کی لینڈنگ ممکن ہوگی۔ اس سہولت سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن سمیت قریبی علاقوں اور دیگر صوبوں کے اضلاع کے مسافر بھی مستفید ہوسکیں گے۔قبل ازیں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا جائزہ لیا، جہاں پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے حکام نے انہیں منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر رن وے کی توسیع اور رات کے وقت طیاروں کی لینڈنگ کے لیے کام کیا جائے گا۔ منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا، جبکہ رن وے کی لمبائی 6 ہزار فٹ سے بڑھا کر 10 ہزار فٹ اور چوڑائی 30 میٹر سے بڑھا کر 45 میٹر کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ فاروق لغاری ایئرپورٹ گزشتہ پانچ سال سے غیر فعال ہے۔