بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، چار دہشت گرد ہلاک، میجر شہید
کوئٹہ( اباسین خبر) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ گوادر کے علاقے شادی کور میں دیسی ساختہ بم دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی۔ یہ ٹھکانے مقامی آبادی کے لیے خطرہ قرار دیے گئے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر 2026ء کو سکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائی کے دوران علاقے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔دوسری جانب ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔ شہید افسر کی عمر 34 سال تھی اور ان کا تعلق لاہور سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر وجاہت وحید نے فرض کی ادائیگی کے دوران مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کردی۔