روس پر پابندیوں میں نرمی، عالمی منڈی میں تیل سستا ہوگیا

روس پر پابندیوں میں نرمی، عالمی منڈی میں تیل سستا ہوگیا

Oct 19, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ( کامرس ڈیسک)ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک اعشاریہ پانچ فیصد سے زائد کمی کے بعد 107 ڈالر 92 سینٹ فی بیرل پر آگئی۔تیل کی قیمتوں میں کمی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے اس حکم نامے کے بعد ہوئی، جس کے تحت روس سے متعلق متعدد مجوزہ پابندیاں ان کے نفاذ سے چند روز قبل واپس لے لی گئیں۔واپس لی گئی پابندیوں میں روسی مصنوعات پر محصولات اور روسی تیل و گیس کی خریداری پر عائد کی جانے والی پابندیاں بھی شامل تھیں۔اس سے قبل مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سلامتی کے خطرات کے باعث عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے تحفظ اور توانائی کی رسد محدود ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوگیا تھا۔ان خدشات کے نتیجے میں جمعے کو برینٹ خام تیل کی قیمت مختصر وقت کے لیے 110 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔ مئی کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمت اس سطح پر پہنچی تھی۔