پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے ہرا دیا، سلمان آغا کی شاندار سنچری

پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے ہرا دیا، سلمان آغا کی شاندار سنچری

Oct 19, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی( سپورٹس ڈیسک)تین ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری، جب صائم ایوب 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد فخر زمان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ تیسری وکٹ 106 رنز پر گری اور بابر اعظم 45 رنز بنا کر پویلین واپس چلے گئے۔سلمان علی آغا نے 90 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان کے علاوہ سعد بیگ نے 39، حسن نواز نے 37 اور عرفات منہاس نے 18 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنانڈو نے 3 جبکہ دلشن مدوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے پون رتھنائیکے نے 79، جنیتھ لیاناگے نے 60 اور کمیندو مینڈس نے 44 رنز بنائے، تاہم ان کی کوششیں ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہیں۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس میچ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔پاکستانی ٹیم میں کپتان شاہین آفریدی، سعد بیگ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔واضح رہے کہ تین ملکی سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم بھی شریک ہے۔