15 اکتوبر کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں پر 25 ہزار جرمانے کا فیصلہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آسان ٹیکس اسکیم کے تحت 15 اکتوبر کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو رجسٹریشن کی مد میں 25 ہزار روپے اور جرمانے کی صورت میں مزید 25 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔ تاجروں کو رجسٹریشن اور ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے مہلت تو دی جائے گی، تاہم اس کے لیے اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آسان ٹیکس اسکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح توقعات سے کم رہی ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ نے بھی اسکیم کے تحت رجسٹریشن اور گوشواروں کی کم تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق بھرپور کوششوں کے باوجود اسکیم کے تحت 150 سے بھی کم نئے گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں، جس سے اس پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب مالی سال 2026 کے لیے اب تک ملک بھر سے تقریباً 66 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے جمع ہوچکے ہیں، جبکہ 30 ستمبر 2026 تک یہ تعداد 58 لاکھ تھی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ تنخواہ دار طبقے کے ایسے افراد جن کی آمدن کا واحد ذریعہ تنخواہ ہے، انہیں ایڈوانس انکم ٹیکس کی ادائیگی کے لیے نوٹس نہیں بھیجے جائیں گے۔ تاہم تنخواہ کے علاوہ دیگر ذرائع سے آمدن حاصل کرنے والے افراد سے قابلِ ایڈجسٹ ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا جاسکتا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کو آسان ٹیکس اسکیم کے تحت رجسٹریشن اور گوشوارے جمع کرانے کی ترغیب دی جارہی ہے، تاہم مقررہ تاریخ کے بعد ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑسکتا ہے۔