پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی، ہنڈرڈ انڈیکس 347 پوائنٹس گر گیا
Oct 13, 2026|ویب ڈیسک
کراچی( کامرس ڈیسک)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اتار چڑھاؤ کا رجحان رہا، تاہم کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس منفی زون میں بند ہوا۔کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی اور ہنڈرڈ انڈیکس 900 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 66 ہزار 70 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔تاہم دورانِ کاروبار اچانک مندی چھاگئی جو مارکیٹ بند ہونے تک برقرار رہی۔ اس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس 347 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 64 ہزار 776 پوائنٹس پر بند ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی رہی تھی اور ہنڈرڈ انڈیکس 1964 پوائنٹس گرنے کے بعد ایک لاکھ 65 ہزار 124 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔