رونالڈو نے کوچ کی موجودگی تک پرتگال کیلئے کھیلنے سے انکار کردیا

رونالڈو نے کوچ کی موجودگی تک پرتگال کیلئے کھیلنے سے انکار کردیا

Oct 6, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( سپورٹس ڈیسک) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم میں واپسی کے لیے اہم شرط عائد کردی۔پرتگالی میڈیا کے مطابق 41 سالہ رونالڈو اس وقت تک پرتگال کی نمائندگی نہیں کرنا چاہتے جب تک موجودہ ہیڈ کوچ جارجے جیزس عہدے پر موجود ہیں۔رونالڈو گزشتہ ہفتے کوچ سے اختلافات کے بعد قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر سعودی عرب واپس چلے گئے تھے۔ انہیں ناروے کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر بھی میدان میں نہیں اتارا گیا تھا، جبکہ ڈنمارک کے خلاف میچ میں بھی انہیں بینچ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔دوسری جانب جارجے جیزس نے رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کا دروازہ کھلا رکھتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو اگلے بین الاقوامی میچوں کے لیے ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں اور دونوں کے درمیان بات چیت بھی ہوسکتی ہے۔پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا نے رونالڈو اور کوچ کے درمیان پیدا ہونے والی صورتِ حال کو ’’غلط فہمی‘‘ قرار دیا ہے۔کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے اور سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 2003ء میں قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور حال ہی میں کہا تھا کہ موجودہ سال ممکنہ طور پر ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سال ہوسکتا ہے۔