روہت شرما امپائر پر برہم، بیٹ چیکنگ تنازع نے توجہ سمیٹ لی

3 دن قبل
روہت شرما امپائر پر برہم، بیٹ چیکنگ تنازع نے توجہ سمیٹ لی

ممبئی( سپورٹس ڈیسک)انڈین پریمیئر لیگ کے ایک اہم میچ میں ممبئی انڈینز کے اسٹار بلے باز روہت شرما امپائر کے رویے پر برہم ہو گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔یہ واقعہ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف میچ کے دوران پیش آیا، جب ممبئی انڈینز کی ٹیم ہدف کے تعاقب کے لیے میدان میں اتر رہی تھی۔اننگز کے آغاز سے قبل قواعد کے مطابق روہت شرما کے بیٹ کی جانچ کی گئی تاہم اس عمل میں غیر معمولی تاخیر نے انہیں واضح طور پر بے چین کر دیا۔ذرائع کے مطابق بیٹ کی منظوری میں تاخیر سے میچ کی رفتار بھی متاثر ہوئی جبکہ روہت شرما امپائرز کے فیصلے کے منتظر رہے۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جانچ کے دوران گیج روہت شرما کے بیٹ میں پھنس رہا تھا اور بار بار کوشش کے باوجود آسانی سے نہیں گزر سکا، جبکہ دوسرے اوپنر کے بیٹ میں یہی گیج باآسانی گزر گیا۔اس موقع پر روہت شرما کو جھنجلائے ہوئے دیکھا گیا، اسی دوران ان کے ساتھی کھلاڑی تلک ورما نے آ کر گیج کو قدرے زور لگا کر بیٹ سے گزارا۔صورتحال پر روہت شرما نے امپائر سے ناراضی کا اظہار بھی کیا، جس کے بعد یہ واقعہ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے۔