مسلسل ناکامیوں پر رضوان کا دوٹوک اعتراف، ذمہ داری خود لے لی

1 گھنٹے قبل
مسلسل ناکامیوں پر رضوان کا دوٹوک اعتراف، ذمہ داری خود لے لی

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹیم کی مسلسل ناکامیوں اور پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے کی اصل وجہ بیان کرتے ہوئے ذمہ داری اپنے سر لے لی۔لاہور قلندرز کے خلاف شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ان کی اپنی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی، جس کا براہِ راست اثر ٹیم کے نتائج پر پڑا۔ ان کے مطابق کہیں نہ کہیں ان سے کوتاہی ہوئی، جس کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک نوجوان کھلاڑی کے ساتھ اننگز کا آغاز کر رہے تھے اور اگرچہ ہر کھلاڑی کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں، تاہم ٹیم کے فیصلے ہمیشہ مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔کپتان کا کہنا تھا کہ جب ٹیم مسلسل شکستوں کا سامنا کرے تو مثبت پہلو تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے، تاہم اس کے باوجود کچھ چیزیں حوصلہ افزا بھی رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر ٹیم میں کوئی واضح کمی نظر نہیں آتی، لیکن بدقسمتی بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ کسی بھی قائد کو صرف نتائج کی بنیاد پر نہیں پرکھنا چاہیے، بطور کپتان وہ صرف کوشش کر سکتے ہیں، تاہم غلطیوں کی صورت میں نتائج متاثر ہوتے ہیں۔اپنی ذاتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ان کی کارکردگی بہتر نہ ہو تو قومی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے، لیکن وہ ہمت نہیں ہاریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ان کا جنون ہے اور وہ محنت کے ذریعے دوبارہ مضبوط واپسی کریں گے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ ان کے کیریئر کا مشکل ترین مرحلہ ہے اور اس ناکامی کی ذمہ داری وہ خود قبول کرتے ہیں، اب ان کی توجہ صرف سخت محنت پر مرکوز ہے۔