اباسین خبر

افغانستان میں دہشت گردی کے اثرات بڑھنے سے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے: امریکی میڈیا

افغانستان میں دہشت گردی کے اثرات بڑھنے سے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے: امریکی میڈیا

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کے اثر و رسوخ میں اضافے کے باعث خطے کی سیکیورٹی صورتحال تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔افغان انتظامیہ کے زیرِ اثر افغانستان کو خطے میں دہشت گردی کے پھیلاؤ کا ایک بڑا ذریعہ بتایا جا رہا ہے۔ امریکی جریدے دی واشنگٹن ٹائمز کے مطابق افغانستان کے دوبارہ دہشت گردی کی محفوظ پناہ گاہ بننے سے پاکستان پر دہشت گردی کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف کسی بڑے دہشت گرد منصوبے کے دوبارہ افغانستان سے جنم لینے کا خدشہ موجود ہے، جبکہ 2021 میں امریکی انخلا کے بعد پیدا ہونے والے حالات کے اثرات پاکستان جیسے اہم علاقائی شراکت دار پر بھی پڑ رہے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ واشنگٹن کو پاکستان کے ساتھ انٹیلی جنس تعاون مزید مضبوط کرنا چاہیے اور سرحدی نگرانی کے نظام میں مدد بڑھانی چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ دوحا معاہدے پر بھی نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، کیونکہ افغان انتظامیہ اپنے وعدوں پر مکمل عمل درآمد میں ناکام رہی ہے۔ماہرین کے مطابق 2021 کے بعد افغانستان سے پیدا ہونے والا سیکیورٹی خلا سب سے زیادہ پاکستان نے محسوس کیا ہے، جبکہ وہاں سے پھیلنے والی دہشت گردی وسطی اور جنوبی ایشیا کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکی ہے۔