کوئٹہ طیارہ حادثہ، شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت
راولپنڈی( اباسین خبر) کوئٹہ میں مشاق تربیتی طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی، جبکہ نائب وزیراعظم، وزیر اطلاعات اور اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں فوجی افسران 12 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب مشاق تربیتی طیارہ حادثے میں شہید ہوئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مسلح افواج اور پوری قوم شہید افسران کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کی بہادری، ایثار اور مادر وطن سے غیر متزلزل وابستگی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شہید افسران کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔