ایران پر زمینی حملہ امریکی فوج کیلئے تباہ کن ہوگا، ایرانی جنرل کی تنبیہ
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران پر امریکی فوج کے ممکنہ زمینی حملے سے متعلق قیاس آرائیوں پر ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر انچیف کے مشیرِ اعلیٰ بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران پر زمینی حملے کی جرأت نہیں کرے گا۔ایرانی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضا نقدی نے کہا کہ ایران پر زمینی حملہ امریکی فوج کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق امریکی ذرائع ابلاغ میں زمینی کارروائی سے متعلق خبریں محض پروپیگنڈا ہیں اور امریکا اس اقدام کے ممکنہ نتائج سے بخوبی آگاہ ہے، اسی لیے وہ ایسا قدم اٹھانے سے گریز کرے گا۔ایرانی جنرل نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے زمینی حملہ کیا تو بڑی تعداد میں امریکی فوجیوں کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔محمد رضا نقدی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے عراق اور افغانستان کی جنگوں پر کھربوں ڈالر خرچ کیے، لیکن بالآخر اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔