پنجاب نے پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم کے حصول کے لیے وفاق سے رابطہ کر لیا

پنجاب نے پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم کے حصول کے لیے وفاق سے رابطہ کر لیا

Jul 24, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( کامرس ڈیسک) پنجاب حکومت نے گندم کی مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے اور رسد کو یقینی بنانے کے لیے پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم حاصل کرنے کی غرض سے وفاقی حکومت سے باضابطہ رابطہ کر لیا ہے۔پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد اس حوالے سے وزارتِ قومی غذائی تحفظ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں اضافی گندم کی فراہمی کی درخواست کی گئی ہے۔حکام کے مطابق پنجاب کو پہلے سے منظور شدہ 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کی اجازت بدستور برقرار رہے گی، جبکہ مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ پاسکو کے پاس پنجاب کے لیے پہلے ہی 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم موجود ہے، مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن فراہم کیے جانے کے بعد مجموعی مقدار 10 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ جائے گی۔حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد صوبے میں گندم کی مناسب رسد برقرار رکھنا، مارکیٹ کو مستحکم کرنا اور قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ کو روکنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔