خیبر پختونخوا کے مسائل نظرانداز، پی ٹی آئی سیاسی بیانیے میں مصروف ہے: باچا
پشاور( اباسین خبر) پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی، امن و امان، کرپشن، ترقی اور حکمرانی کے مسائل حل کرنے کے بجائے پی ٹی آئی سیاسی سرگرمیوں اور عمران خان کے بیانیے پر توجہ دے رہی ہے۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت مختلف اضلاع کے دورے کر رہی ہے، تاہم ان علاقوں میں دیگر سیاسی جماعتوں کو جلسوں، احتجاج اور اجتماعات کی اجازت نہ ملنا بھی قابل غور ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال کا نقصان براہ راست عوام کو ہورہا ہے۔محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی کے ساتھ حکمرانی کے مسائل اور کرپشن بھی موجود ہے، لیکن ان معاملات پر توجہ دینے کے بجائے نوجوانوں میں نفرت اور اختلافات کو فروغ دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی موجودہ صورتحال سب کے سامنے ہے، روزگار اور ترقی کے مواقع کم ہورہے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکار جانیں قربان کر رہے ہیں۔ عوام نے پی ٹی آئی پر اعتماد کرکے اسے اقتدار دیا، لیکن صوبائی حکومت مطلوبہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو خدشہ ہے کہ حکومت صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنا چاہتی ہے تو اسے سیاسی خدشات کے بجائے دہشت گردی کے خاتمے، ترقی، کرپشن کے سدباب اور بہتر حکمرانی پر توجہ دینی چاہیے۔