لانگ مارچ میں سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر سہیل آفریدی سے جواب طلب
پشاور( اباسین خبر) پشاور ہائیکورٹ نے سیاسی سرگرمیوں اور احتجاجی لانگ مارچ میں سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال سے متعلق درخواست پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے جواب طلب کرلیا۔چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی قاری ظاہر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ نومبر 2025 کے عدالتی فیصلے کے تحت سیاسی سرگرمیوں کیلئے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی ہے۔درخواست کے مطابق 4 اکتوبر کو احتجاجی لانگ مارچ کے آغاز کے موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مبینہ طور پر سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچے۔ درخواست میں عدالت سے سرکاری وسائل کے استعمال کا نوٹس لینے اور ذمہ داران سے وضاحت طلب کرنے کی استدعا کی گئی۔عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر جواب طلب کرلیا۔ آئندہ کارروائی وزیراعلیٰ کے جواب کی روشنی میں کی جائے گی۔درخواست میں اکتوبر 2024 کے ایک واقعے کا بھی حوالہ دیا گیا، جب سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے دور میں اسلام آباد احتجاج کے دوران پنجاب پولیس نے 10 سے زائد سرکاری گاڑیوں اور 47 اہلکاروں کو تحویل میں لیا تھا۔