پریزیڈنٹ ٹرافی کے میچز منتقل، پشاور اور ایبٹ آباد کے مقابلے اب پنجاب میں ہوں گے
لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال کے پیش نظر پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے پشاور اور ایبٹ آباد میں ہونے والے میچز دوسرے شہروں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے ہنگامی حالت نافذ کرنے اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے اعلان کے بعد میچز کے مقامات تبدیل کیے گئے ہیں۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں شیڈول مقابلے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری رہیں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کے چھٹے مرحلے کا آغاز پیر سے ہوگا۔پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں غنی اور حیدرآباد کنگز مین اکیڈمی کے درمیان ۱۴ اکتوبر سے شروع ہونے والا میچ اب شیخوپورہ کی رانا نوید اکیڈمی میں کھیلا جائے گا۔اسی طرح ایبٹ آباد میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان شیڈول مقابلہ لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے کے میچز اب ۱۹ اکتوبر سے شروع ہوں گے، جبکہ مارخور آئی ٹی سلوشنز اور پاکستان ٹیلی ویژن کے درمیان مقابلہ بھی لاہور میں منعقد ہوگا۔پوائنٹس ٹیبل پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ۸۴ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ غنی کی ٹیم ۷۰ پوائنٹس حاصل کرکے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ تاہم فیصلہ کن مقابلے کے مقام کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔