اسرائیلی چیک پوسٹ پر زیرِ حراست فلسطینی شہری دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق
غزہ( مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی چیک پوسٹ پر زیرِ حراست فلسطینی شہری دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔فلسطینی ہلالِ احمر کے مطابق 45 سالہ رأفت خیری ابو خلیل کو طولکرم کے مشرق میں قائم عناب چیک پوسٹ پر روکا گیا تھا، جہاں دورانِ حراست ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ بعد ازاں ان کی میت طولکرم کے سرکاری اسپتال منتقل کردی گئی۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق ابو خلیل اریحا میں فلسطینی ملٹری ٹریننگ اتھارٹی میں کپتان کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ان کی موت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیزے کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹوں، دروازوں اور سڑکوں پر بڑھتی رکاوٹوں کے باعث فلسطینیوں کی روزگار، علاج، تعلیم اور خاندانی زندگی تک رسائی متاثر ہورہی ہے۔