پاکستان کی سیاست عمران خان کے گرد گھوم رہی ہے، حامد میر

پاکستان کی سیاست عمران خان کے گرد گھوم رہی ہے، حامد میر

Oct 13, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد ( اباسین خبر) سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ سیاست کا محور راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان ہیں۔اپنے تازہ کالم میں ملک کی سیاسی صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے حامد میر نے لکھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کے واضح احکامات کے باوجود وفاقی حکومت نے ان پر عمل درآمد نہیں کیا۔ اس کے ردعمل میں خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کا اعلان کیا، جبکہ حکومت نے مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار سہیل آفریدی کو ٹھہراتے ہوئے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی، جس کے نتیجے میں منتخب حکومت ختم ہوگئی۔حامد میر کے مطابق ماضی کے برعکس عمران خان نے سمجھوتا کرکے بیرون ملک جانے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث حکومت انہیں رہائی دینے یا اسپتال منتقل کرنے سے گریزاں ہے۔انہوں نے لکھا کہ اگر سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جاتا تو خیبر پختونخوا میں سیاسی بحران، گورنر راج اور لانگ مارچ کی نوبت نہ آتی۔ ان کے بقول دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیاں ملک کو سول آمریت کی جانب دھکیل رہی ہیں، جبکہ ایسے اقدامات سے صوبے میں امن قائم نہیں ہو سکے گا۔سینئر صحافی نے نشاندہی کی کہ ملک میں یہ سیاسی کشیدگی ایسے وقت میں جاری ہے جب پاکستان کو بھارت اور افغانستان کے ساتھ سرحدوں پر سنگین سفارتی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق گلوبل ٹیررازم انڈیکس 2026 میں پاکستان کی درجہ بندی بھی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔حامد میر نے زور دیا کہ حکومت کو بیرونی محاذوں پر کامیابی اور ملک میں داخلی استحکام کے لیے سیاسی انتقام کے بجائے تمام سیاسی قوتوں کو متحد کرنا چاہیے اور خطے کی تاریخ سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔