اگست میں مہنگائی کی سالانہ شرح بڑھ کر 11.15 فیصد ہوگئی
Sep 2, 2026|ویب ڈیسک
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)مہنگائی سے متعلق ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ جاری کردی گئی، جس کے مطابق اگست میں ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.15 فیصد تک پہنچ گئی۔ادارہ شماریات کی جانب سے اسلام آباد سے جاری رپورٹ کے مطابق جولائی میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.2 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، یوں اگست میں اس میں نمایاں اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق اگست کے دوران دیہی علاقوں میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 1.60 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ شہری علاقوں میں یہ شرح 0.91 فیصد بڑھی۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی سالانہ شرح 12.22 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں سالانہ شرح 10.43 فیصد رہی۔واضح رہے کہ وزارت خزانہ نے اگست کے دوران مہنگائی کی شرح 10 سے 11 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا تھا۔