بوسٹن میراتھن 2026 میں پاکستانی رنرز کی شاندار کارکردگی، امجد علی تیز ترین قرار

1 گھنٹے قبل
بوسٹن میراتھن 2026 میں پاکستانی رنرز کی شاندار کارکردگی، امجد علی تیز ترین قرار

 لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سے تعلق رکھنے والے رنرز نے بوسٹن میراتھن 2026 میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تیرہ رنرز نے دنیا کی سب سے معزز میراتھنز میں شمار ہونے والے اس مقابلے کو کامیابی سے مکمل کیا۔کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد امجد علی، جو پولیس کانسٹیبل بھی ہیں، پاکستانی شرکاء میں سب سے آگے رہے۔ انہوں نے دو گھنٹے بایالیس منٹ پینتالیس سیکنڈ میں دوڑ مکمل کر کے اس سال کے تیز ترین پاکستانی رنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔محمد امجد علی نے کہا کہ یہ ان کی پہلی عالمی سطح کی بڑی میراتھن تھی اور وہ اپنی کارکردگی سے بے حد خوش ہیں۔ ان کے مطابق راستے میں چڑھائی اور اترائی کے باعث ریس مشکل تھی، تاہم وہ اپنے نتیجے سے مطمئن ہیں اور سپورٹرز کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کی پہلی عالمی میراتھن تھی اور الحمدللہ وہ بوسٹن میراتھن مکمل کرنے والے تیز ترین پاکستانی بن گئے ہیں۔امریکا میں مقیم سید حمزہ نے دو گھنٹے اکیاون منٹ چھ سیکنڈ کے ساتھ دوسری جبکہ نزار نیانی نے تین گھنٹے ایک منٹ چوالیس سیکنڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ناروے میں مقیم پاکستانی محمد فصیح صالح نے اپنی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ذاتی بہترین وقت حاصل کیا، جبکہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے رنر شہزادہ حسین اور خاتون رنر بشیری انجم نے بھی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسی طرح برطانیہ میں مقیم خاتون رنر ماہین شیخ نے بھی اپنی ذاتی بہترین دوڑ مکمل کی۔