اسلام آباد( سپور ٹس ڈیسک) پاکستان انڈر 16 بوائز فٹبال ٹیم یوئیفا انڈر 16 بوائز ڈیولپمنٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جمعرات کو قازقستان روانہ ہو گئی ہے۔یہ ایونٹ 24 سے 30 اپریل تک نامیس اسٹیڈیم بیک اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کی فٹبال تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ قومی انڈر 16 ٹیم کو کسی یوئیفا ایونٹ میں شرکت کا موقع ملا ہے۔قومی کوچنگ اسٹاف نے ملک بھر سے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل انیس رکنی اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا ہے کہ یورپی سطح کے مقابلوں میں شرکت نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک تاریخی موقع ہے اور اس سے ان کی صلاحیتوں کو نکھرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ انڈر 16 عمر وہ مرحلہ ہے جہاں کھلاڑی اپنی پہچان بنانا شروع کرتے ہیں۔ٹیم میں گول کیپرز میں ثمر رزاق اور نوید اللہ، ڈیفینڈرز میں محمد عالم، حمزہ امجد، مقبول احمد، ندیم حسین، عبدالرحیم الٰہی اور سید منظر شاہ شامل ہیں۔ مڈفیلڈرز میں ایم مصطفیٰ، ایم عیسیٰ، ساگر مہربان، ہارون رشید، شہراز خان، عبدالسمیع، حمزہ یاسر اور ایم حنظلہ جبکہ فارورڈز میں دانش مسیح، ایم رفے اور کلیم اللہ شامل ہیں۔
پاکستان انڈر 16 فٹبال ٹیم پہلی بار یوئیفا ڈیولپمنٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے قازقستان روانہ
9 گھنٹے قبل