پاکستان سے تعلقات بھارت کے لیے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں:ترک وزیر خارجہ کا بیان

2 گھنٹے قبل
پاکستان سے تعلقات بھارت کے لیے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں:ترک وزیر خارجہ کا بیان

سنگاپور( مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ترکیہ کے قریبی اور برادرانہ تعلقات بھارت کے لیے کسی مسئلے کا باعث نہیں بننے چاہئیں۔انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ایک لیکچر کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات کو اپنے خلاف کسی دشمنی یا منفی اقدام کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔ترک وزیر خارجہ کے مطابق ترکیہ واحد ملک نہیں جس کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں بلکہ دنیا کے کئی دیگر ممالک بھی اسلام آباد کے ساتھ مضبوط روابط رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارت دیگر ممالک کے پاکستان کے ساتھ تعلقات پر ناراضی کا اظہار کرے تو یہ رویہ غیر ضروری ہے اور اس پر سوال اٹھتے ہیں۔ماہرین کے مطابق ترک وزیر خارجہ کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر ممالک اپنی آزاد خارجہ پالیسی کے تحت تعلقات قائم کرتے ہیں اور ان تعلقات کو کسی تیسرے ملک کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔