23 سال بعد پاکستان سیف گیمز کی میزبانی کیلئے تیار
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان 23 سال کے طویل وقفے کے بعد سیف گیمز (جنوبی ایشیائی کھیلوں) کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جبکہ بھارت نے بھی ان مقابلوں میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔بھارتی نمائندوں نے سیف گیمز کے سلسلے میں جنوبی ایشیائی اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی، جہاں بھارت کی جانب سے کھیلوں میں شرکت کے حوالے سے پاکستان کو مثبت جواب دیا گیا۔بھارت نے اپریل 2027 میں پاکستان میں منعقد ہونے والے کھیلوں میں شرکت کے لیے باضابطہ طور پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیائی اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھارت نے سیف گیمز میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔واضح رہے کہ سیف گیمز کے دوران اسلام آباد میں 15 کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، جن میں اسکواش، ٹینس، مارشل آرٹس اور دیگر کھیل شامل ہیں۔