دبئی میں بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ، پاکستان پویلین کا افتتاح

دبئی میں بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ، پاکستان پویلین کا افتتاح

Oct 7, 2026|ویب ڈیسک

دبئی( شو بز ڈیسک) پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026ء کی 30ویں بین الاقوامی نمائش کے دوران پاکستان پویلین کا افتتاح کردیا۔نمائش 6 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گی، جس میں دنیا بھر سے خوبصورتی، ذاتی نگہداشت، کاسمیٹکس، جلد اور بالوں کی نگہداشت، خوشبوؤں، بیوٹی ٹیکنالوجی اور پیکیجنگ کے شعبوں سے وابستہ ادارے شریک ہیں۔افتتاح کے موقع پر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان اور قونصلر محمد ہارون چوہدری بھی قونصل جنرل کے ہمراہ تھے۔ پاکستانی کمپنیوں کی شرکت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کے کمرشل سیکشن کے تعاون سے یقینی بنائی ہے۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت 4 پاکستانی کمپنیاں نمائش میں شریک ہیں، جہاں وہ خوبصورتی اور ذاتی نگہداشت کی مصنوعات کے ذریعے پاکستان کی صنعتی صلاحیت، معیاری مصنوعات اور برآمدی استعداد کو عالمی خریداروں اور کاروباری نمائندوں کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کو ملکی برآمدات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے اہم منڈی اور خطے کی وسیع تر مارکیٹ تک رسائی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی بڑھتی ہوئی بیوٹی اور کاسمیٹکس مارکیٹ پاکستانی صنعت کاروں اور برآمد کنندگان کے لیے مصنوعات کی رسائی بڑھانے کا اہم موقع فراہم کرتی ہے۔بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026ء میں 70 ممالک سے 1400 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں، جہاں خوشبوؤں، کاسمیٹکس، جلد و بالوں کی نگہداشت، بیوٹی ٹیکنالوجی، مشینری، پیکیجنگ، ذاتی نگہداشت اور حفظانِ صحت سمیت مختلف شعبوں کی جدید مصنوعات اور ٹیکنالوجی پیش کی جارہی ہے۔پاکستان پویلین کے ذریعے ملکی بیوٹی انڈسٹری اور برآمدی صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جارہا ہے۔