کیا ملک آئین و قانون کے مطابق چل رہا ہے؟ اسد قیصر کا سوال

کیا ملک آئین و قانون کے مطابق چل رہا ہے؟ اسد قیصر کا سوال

Oct 7, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالکریم خان کے ڈیرے پر حملے کے معاملے پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔عبدالکریم خان کے ڈیرے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات ڈیرے پر حملہ کیا گیا، چادر اور چار دیواری کی بے توقیری کی گئی جبکہ گھر کے اندر توڑ پھوڑ کے ساتھ خواتین اور بچوں کی بے حرمتی بھی کی گئی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حملے کے دوران ڈیرے پر موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ اسد قیصر نے سوال کیا کہ ملک میں عدالتیں، پولیس اور دیگر ادارے موجود ہیں تو ایسے واقعات میں ان کا کردار کیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے حکومت سے سوال کیا کہ کیا ملک آئین و قانون کے مطابق چل رہا ہے یا اسے جنگل اور ’’بنانا ریپبلک‘‘ بنا دیا گیا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ آئین اور قانون شہریوں کو جمہوری حق دیتے ہیں اور کوئی طاقت یہ حق ان سے نہیں چھین سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنا جبر اور ظلم کیا جائے گا، اتنا ہی وہ اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے۔سابق اسپیکر نے گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے سکیورٹی اجلاس بلانے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ گورنر نے کس قانون کے تحت اجلاس طلب کیا اور کیا صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واضح کیا جائے کہ موجودہ صورتحال میں گورنر کو سکیورٹی اجلاس کی صدارت کا اختیار کس قانونی بنیاد پر حاصل ہے۔اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی موجودہ صورتحال پر مؤقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو خود کو جمہوریت کا علمبردار قرار دیتے ہیں، اس لیے انہیں صورتحال پر اپنا مؤقف سامنے لانا چاہیے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور فوجی آپریشنز پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ متعدد آپریشنز کے باوجود خطے میں مکمل امن قائم نہیں ہوسکا۔پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ان کی جماعت دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کی حامی ہے، تاہم دہشت گردی کے خلاف موجودہ پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ہر صورت امن فراہم کیا جانا چاہیے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو اپنی پالیسیوں پر غور کرنا ہوگا۔