بلوچستان میں خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ، کروڑوں کی منشیات برآمد

بلوچستان میں خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ، کروڑوں کی منشیات برآمد

Oct 7, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں خفیہ ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک اسمگل کی جانے والی کروڑوں روپے مالیت کی 3 ہزار 825 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔اے این ایف ترجمان کے مطابق مذکورہ کمپاؤنڈ کو مبینہ طور پر منشیات کی ترسیل سے قبل عارضی ذخیرہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔کارروائی کے دوران 2 ہزار 454 کلوگرام چرس، ایک ہزار 363 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن یعنی آئس اور 8 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی، جن کی مجموعی مالیت 56 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے پاکستان اسمگل کی گئی تھیں، جنہیں محفوظ اشارہ ملنے کے بعد سمندری راستے سے بیرون ملک منتقل کیا جانا تھا۔اے این ایف نے منشیات قبضے میں لے کر اسمگلنگ نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے، جبکہ گرفتاریوں کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے جاری ہیں۔اے این ایف کے مطابق افغانستان میں سرگرم بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک پاکستان کی جغرافیائی حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کی سرزمین اور سمندری راستوں کو دیگر ممالک تک منشیات پہنچانے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ادارے کے مطابق تقریباً ایک ماہ قبل بھی انٹیلی جنس معلومات اور بروقت رابطے کے نتیجے میں دوست ملک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کولمبو بندرگاہ پر ایک کنٹینر سے 463 کلوگرام آئس برآمد کی تھی۔اے این ایف نے بتایا کہ اس نیٹ ورک کے افغان سرغنہ کو بھی گرفتار کیا گیا، جس سے افغانستان سے چلنے والے منظم منشیات نیٹ ورکس کے علاقائی اور بین الاقوامی روابط مزید سامنے آئے۔اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں انسدادِ منشیات کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں تاکہ منشیات سے پاک پاکستان کے ہدف کا حصول یقینی بنایا جاسکے۔