پاکستان، آئرلینڈ، زمبابوے سہ ملکی سیریز کے امکانات کم
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان اگلے سال مجوزہ سہ ملکی سیریز کے انعقاد کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق تینوں ممالک کے درمیان آئندہ سال سہ ملکی سیریز کی تجویز زیر غور تھی، تاہم زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے امکانات نظر نہیں آرہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی غیر یقینی کا شکار ہے، جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم صرف تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آسکتی ہے۔تینوں کرکٹ بورڈز کے درمیان اس معاملے پر مشاورت جاری ہے اور باہمی صلاح مشورے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا تھنک ٹینک آئندہ سال ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک روزہ میچز پر زیادہ توجہ دینے کا خواہاں ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ورلڈکپ کے تناظر میں قومی ٹیم کا آئندہ سال کا شیڈول بھی ترتیب دیا جارہا ہے، جس میں ون ڈے فارمیٹ کو ترجیح دینے کی تجویز زیر غور ہے۔